پاکستان (نیوز اویل)، تحریک انصاف کی حکومت گرانے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔
اپوزیشن جماعتیں وفاقی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کرچکی ہیں اور اس پر حمایت حاصل کرنے کے لئے سیاسی ملاقاتیں جاری ہیں۔
اسی حوالے سے سابق صدر آصف علی زرداری نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے جماعت کے مرکز منصورہ میں ملاقات کی۔ آصف علی زرداری نے جماعت اسلامی سے تحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگ لی۔ پارلیمنٹ میں جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی کا ایک ووٹ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کے درمیان ایک نکاتی ایجنڈے پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد کی حمایت پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک اور لانگ مارچ سمیت موجودہ سیاسی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔
آصف علی زرداری کی ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس ہوگا جو 27 فروری تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کا حصہ بننے یا نہ بننے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل گزشتہ روز نون لیگی رہنما شہباز شریف کی دعوت پر مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری نے ان سے ملاقات کی تھی جس میں تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے لئے کوشش تیز کرنے اور تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کے حوالے سے مشاورت کی گئی تھی۔