پاکستان (نیوز اویل)، تحریک انصاف کی حکومت میں لاکھ خامیاں سہی مگر کچھ شعبے ایسے ہیں جن میں تحریک انصاف کی حکومت نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے عوام کو بہتر خدمات مہیا کی ہیں۔ ان شعبوں میں سے ایک اہم ترین شعبہ صحت کا ہے۔ تحریک انصاف حکومت نے ہیلتھ کارڈ متعارف کروائے جن پر لاکھوں روپے کا علاج مفت کیا جارہا ہے۔ صحت کارڈ سے اب سرکاری اسپتالوں کو بھی فائدہ ہورہا ہے۔
خیبر پختونخوا میں سوشل ہیلتھ پروٹیکشن انیشی ایٹوسے سرکاری ہسپتالوں کی آمدنی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے تحت عملے کو صحت کارڈ پلس پر داخل مریضوں سے ملنے والی رقم میں حصہ ملتا ہے۔
نجی ہسپتالوں نے رقم کا 89 فیصد وصول کیا جبکہ سال 20-2019 میں اس پروگرام سے سرکاری ہسپتالوں کی آمدنی بڑھ کر 27 فیصد ہو گئی۔ رواں سال سرکاری ہسپتال اب تک فنڈز میں اپنا حصہ 32 فیصد تک بڑھانے میں کامیاب رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اب زیادہ تر ہسپتال فارمولے کے تحت فنڈز استعمال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عملے کو رقم میں حصہ ملنا شروع ہو گیا ہے۔ عملہ مریضوں کے ذریعے زیادہ آمدنی حاصل کرنا چاہتا ہے، اس لیے اب وہ مریضوں کو داخل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ نجی ہسپتالوں میں پہلے ہی ادائیگی پر مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے اور پروگرام کے ذریعے زیادہ آمدنی ہوتی ہے۔