پاکستان (نیوز اویل)، وزیراعظم عمران خان اہم ترین دورے پر روس میں موجود ہیں۔ کریملین میں وزیر اعظم عمران خان روس کے صدر ولادی میر پیوتن سے ملاقات کررہے ہیں۔ ملاقات میں خطے کی صورت حال، اسلامو فوبیا کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اور دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
پہلے وزیر اعظم عمران خان کی روسی صدر سے ملاقات کے لیے ایک گھنٹے کا وقت طے کیا گیا تھا تاہم پھر اس کا دورانیہ بڑھا کر 3 گھنٹے کردیا گیا۔
روسی صدر سے ملاقات سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے دوسری جنگ عظیم کے دوران ہلاک ہونے والے روسی سپاہیوں کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کا گلدستہ بھی چڑھایا۔
یوکرین پر حملے کے بعد میڈیا میں یہ خبریں گرم تھیں کہ وزیر اعظم اپنا دورہ مختصر کرکے پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کے دورۂ روس سےمتعلق قیاس آرائیوں کو بےبنیاد قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورۂ روس جاری ہے اور وہ شیڈول کے مطابق آج رات وطن واپس پہنچیں گے۔
وزیرِ اعظم عمران خان روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی خصوصی دعوت پر 2 روزہ تاریخی سرکاری دورے پر گزشتہ روز روس پہنچے۔ ماسکو ایئر پورٹ پر وزیرِ اعظم کا استقبال روس کے ڈپٹی وزیرِ خارجہ نے کیا، اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔