اٹلس ہونڈا لمیٹڈ نے اپنی موٹر سائیکل کی قیمتوں میں ایک ہزار سے 3 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا۔پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق اٹلس ہونڈا کی موٹر سائیکلوں کے ماڈلز کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہوچکا ہے۔ کمپنی کی جانب سے ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمتیں 16 سو روپے کا اضافہ کیا گیا۔
اس نئے اضافے کے بعد سی ڈی 70 کی قیمت 77 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 79 ہزار500 روپے ہو گئی ہے۔ ہونڈا سی ڈی ڈریم کی قیمت میں 3 ہزار جبکہ پرائڈر کی قیمت میں 2 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا۔جس کے بعد سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 82 ہزار 500 سے بڑھ کر 85 ہزار 500 روپے جبکہ ہونڈا پرائڈر 100 سی سی کی قیمت ایک لاکھ 8 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح اب سی جی 125 کی قیمت ایک لاکھ 29 ہزار 900 سے بڑھ کر ایک لاکھ 31 ہزار 500 روپے، سی جی 125 ایس ای کی قیمت ایک لاکھ 56 ہزار 900 سے بڑھ کر ایک لاکھ 59 ہزار 500 روپے، سی جی 125 ایف اسپیشل ایڈیشن کی قیمت ایک لاکھ 89 ہزار 500 روپے کی بجائے ایک لاکھ 92 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔ ہونڈا سی بی 150 ایف کی قیمت 2 لاکھ 44 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 47 ہزار 500 روپے کردی گئی ہے۔
اس مرتبہ کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ تو نہیں بتائی گئی مگر ممکنہ طور پر روپے کی قدر میں کمی کو ہی جواز بنایا گیا۔ خیال رہے کہ اٹلس ہونڈا کی جانب سے 90 فیصد سے زائد لوکلائزیشن کے دعوے کے باجود 2018 میں کم از کم 6 مرتبہ قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔