اسلام آ باد (ویب ڈیسک) سول سرونٹس ڈائریکٹری ریٹائرمنٹ رولز 2020 کے تحت وفاقی حکومت کے ماتحت سروس کیڈرز کے افسروں کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی کارروائی شرع ہوگئی ہے۔ اس ضمن میں 19 اور 20 اپریل کو طلب کردہ گریڈ 20 و 21 کے افسروں کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کیلئے دو روزہ اجلاس کے پہلے روز کی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔
ریٹائرمنٹ کمیٹی و بورڈ اجلاس آج منگل کو بھی جاری رہے گا، دو روزہ اجلاس کے دوران دو مرتبہ بورڈ ترقی نہ پانے و سزا یافتہ، نااہل و ناقص کارکردگی کے حامل افسران ریٹائر کئے جائیں گے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذارئع کے مطابق چیئرمین ایف پی ایس سی زاہد سعید دو روزہ ریٹائرمنٹ کمیٹی و بورڈ کی صدارت کر رہے ہیں جبکہ سیکرٹری کابینہ ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری قانون بھی دو روزہ اجلاس کا حصہ ہیں،
دستیاب دستاویزات کے مطابق گریڈ 20 اور 21 کے نا اہل و داغدار کئیریر کے حامل کے افسران کی ریٹائرمنٹ پر غور کیلئے طلب کردہ اجلاس کے آغاز پر کمیٹی کے روبرو گریڈ 22 کے افسران عامر حسن، ڈاکٹر عمران زیب، ڈاکٹر ہاشم پوپلزئی، محمد نعیم، پرویز احمد جونیجو اور نور احمد کی بھی ریٹائرمنٹ کیلئے فہرست پیش کی گئی تھی تاہم کمیٹی کی جانب سے گریڈ 22 کے افسران کمیٹی کے دائرہ کار میں نہ ہونے کے باعث گریڈ 22 کے افسران کی فہرست کمیٹی نے ڈراپ کر دی۔