بیٹیاں ہوں توایسی۔۔۔ اپنا گھر بسانے سے قبل بیٹیوں نے باپ کا گھر بسا دیا گوجرانوالہ (این این ایس نیوز) بیٹیوں نے اپنا گھر بسانے سے قبل باپ کا گھر بسا دیا جس کے بعد خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق گوجرانوالہ کے چودھری شوکت کی دو بیٹیوں کی گزشتہ روز جب بارات آئی اور ان کی رخصتی ہوئی تو اسی دن باپ کا اپنا ولیمہ ہوا جس میں دس بیٹیوں، ایک بیٹے، 32 نواسے نواسیوں اور بھائی بہنوں سمیت دوست احباب نے شرکت کی۔
چودھری شوکت نے بتایا کہ ان کی پہلی اہلیہ وفات پا چکی ہیں تو ان کی بیٹیوں کی خواہش تھی کہ وہ اپنی بھی شادی کریں تاکہ بیٹیوں کی رخصتی کے بعد خود کو اکیلا محسوس نہ کریں۔ چودھری شوکت کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹیاں چاہتی تھیں کہ ان کی رخصتی کے بعد دیکھ بھال کرنے والی بھی گھر میں موجود ہو تو رشتہ تلاش کیا گیا اور پھر بیٹیوں کی خواہش پر ہی ان کی رخصتی اور میرا ولیمہ اکھٹے کیا گیا ہے۔
شادی میں شریک مہمانوں نے اس موقع پر اپنی خوشی کے اظہار کے لیے خوب بھنگڑے ڈالے جب کہ چودھری شوکت کی بیٹیاں بھی خوشی سے نہال دکھائی دیں۔ چودھری شوکت کی بیٹی نے کہا کہ ہماری شرط تھی کہ ابو اپنی شادی کریں تاکہ ہمارے جانے کے بعد وہ تنہا نہ ہوں، گھر میں ان کا خیال رکھنے والا کوئی نہ تھا اس لیے ان کی شادی کرائی ہے تاکہ ابو کا گھر بھی آباد رہے۔