سرگودھا: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار بیرسٹر معظم شیر کالو پی پی 84 (خوشاب) ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی حسین کے خلاف 6000 سے زائد ووٹوں کے فرق سے برتری حاصل کر رہے ہیں۔
229 میں سے 130 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے 32905 کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) نے 38970 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
یہ نشست جس میں تحصیل نور پور تھل اور تحصیل قائد آباد کے کچھ دیہات شامل ہیں، مسلم لیگ (ن) کے وارث کالو کی جان جانے کی وجہ سے خالی ہوچکی تھی جنہوں نے اسے مسلسل چار بار جیتا تھا۔ پارٹی نے اب انکے بیٹے معظم کو ٹکٹ دیا تھا۔
متوفی ایم پی اے نے اس نشست کو 2018 کے عام انتخابات میں 6،000 کے فرق سے برقرار رکھا تھا جبکہ اس وقت کلعدم جماعت کے نامزد امیدوار نے 12،000 سے زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار کے آبائی گاؤں جمالی بلوچن کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کے ایک پولنگ اسٹیشن پر بوگس ووٹ ڈالے گئے۔
کچھ مقامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت کی صفوں میں داخلی اختلافات اس کے نامزد امیدوار کے خلاف ہوسکتے ہیں۔