لاہور (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان خان شنواری نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔فاسٹ بولر عثمان خان شنواری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ میں نے کمر کی تکلیف سے اب چھٹکارا پالیا ہے اور اس وقت میں مکمل فٹ ہوں، میں نے کرکٹ میں کم بیک کر لیا ہے تاہم ڈاکٹر اور فزیو کے مشورے کے بعد میں کرکٹ کے طویل دورانیے کے
فارمیٹ کو الوداع کہہ رہا ہوں۔عثمان شنواری نے لکھا کہ کمر کی انجریز سے بچنے اور اپنے کرکٹ کیرئیر کو طویل کرنے کے لیے ریڈ بال کرکٹ (ٹیسٹ کرکٹ)سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔خیال رہے کہ عثمان شنواری نے ایک ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 33 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 17 ون ڈے انٹر نیشنل اور 16 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل بھی کھیل چکے ہیں۔