لاہور( این این آئی)پنجاب بھر کے بلدیاتی اداروں کی بحالی کا فیصلہ ہو گیا،کابینہ کی سب کمیٹی نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق
محکمہ بلدیات نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کی سمری کابینہ کو ارسال کر دی ہے ،کابینہ کی منظوری کے بعد بلدیاتی اداروں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاجائے گا۔تمام بلدیاتی ادارے رواں ماہ ہی اپنے دفاتر میں معمول کا کام شروع کر دیں گے،بلدیاتی اداروں کے سربراہاں پہلے ہی بحال کئے جا چکے ہیں،اب کونسلر اور دیگر عہدیدار وں کی بحالی اور انتظامی ومالی اختیارات دیئے جائیں گے ۔پنجاب میں اس وقت 30 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، بلدیاتی اداروں کے سربراہ اپنے علاقہ میں جاری ترقیاتی کام روکنے کے مجاز نہیں ہو ںگے۔ ذرائع کے مطابق بلدیاتی اداروں کے سربراہ کسی ترقیاتی کام کے بل کی ادائیگی میں کوئی خلل نہیں ڈالیں گے۔