افغانستان کے معاملے پر ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر سکتی ہیں، آسٹریلوی کپتان

سڈنی (این این آئی)آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے کہا ہے کہ افغانستان کے معاملے پر ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر سکتی ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق ٹیسٹ کا درجہ رکھنے والی ٹیموں کے لیے ضروری ہے کہ وہ خواتین کرکٹ کے لیے بھی متحرک ہوں اور طالبان کی جانب سے خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی کے اعلان کے بعد آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کیجانب سے افغانستان کی مردوں کی ٹیم کے ساتھ ہونے والے پہلے اور تاریخی ٹیسٹ کو منسوخ کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام کھلاڑی کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کو مکمل طور پر سپورٹ کرتے ہیں اور اس کے اثرات ورلڈ کپ پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ٹم پین نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ اس معاملے پر ورلڈ کپ کے موقع پر ٹیمیں ٹورنامنٹ کے بائیکاٹ کے حوالے سے بات کریں گی۔

ٹیم پین نے کہا کہ ہم نے آئی سی سی کی جانب سے اس حوالے سے اب تک کوئی تبصرہ نہیں سنا لہذا یہ بہت دلچسپ ہو گا کہ بین الاقوامی کرکٹ باڈی کہاں کھڑی ہوتی ہے۔آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ اگر ٹیمیں افغانستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیں اور حکومتیں انہیں اپنے علاقے میں آنے کی اجازت نہ دیں تو کس طرح سے کوئی بھی ٹیم آئی سی سی ایونٹ میں شریک ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ برابری اور خواتین کے حقوق ہوبارٹ میں شیڈول ٹیسٹ سے بہت زیادہ اہم ہیں، طالبان خواتین کو ہر قسم کے اسپورٹس سے روک رہے ہیں جس کے آئی سی سی کی سطح پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ٹیم پین نے کہاکہ خواتین اور انسانی حقوق کے حوالے سے میں سمجھتا ہوں کہ اپنی آدھی آبادی کو کچھ کرنے سے روکنے والے ممالک سے ہمیں کسی قسم کا تعلق نہیں رکھنا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *