گلگت: برفانی طوفان میں اضافے سے دو خواتین سمیت چار افراد لاپتہ ہوگئے ، وادی نلتر میں مصنوعی جھیل بننے سے ایک نالہ بند ہوگیا۔
وادی نلتر میں واقع بنگلہ گلیشیر نے بڑھنا شروع کردیا۔ مبینہ طور پر دو خواتین سمیت چار افراد ملبے تلے دب گئے۔
گلگت بلتستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) کے مطابق ، علاقے میں برفانی تودے نے نلتر نالہ کے پانی کے بہاو کو روک دیا ، جس سے مصنوعی جھیل بن گئی۔
اتھارٹی نے بتایا کہ جھیل سے پانی کا اخراج شروع ہوچکا ہے۔
ڈائریکٹر جی بی ڈی ایم اے ولی خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امدادی ٹیمیں علاقے کو روانہ کردی گئیں ہیں ، اور ضروری سامان اور کھانے پینے کا سامان بھی نلتر پہنچا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیریں علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ایک مقامی رہائشی ارشاد حقانی نے بتایا کہ برفانی طوفان نے چار کلو میٹر دور چراگاہ ، بڑی تعداد میں درختوں کو نقصان اور متعدد مویشیوں کو ختم کردیا۔
دریں اثنا ، گلگت کے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے جاری کردہ بیان کے مطابق ، جھیل سے پانی کے اخراج کو یقینی بنانے کے لئے علاقے میں مشینری متعین کردی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مبینہ طور پر چار افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔