پشاور(این این آئی)سرکاری محکموں کی استعداد کار میں اضافہ کرنے اور خدمات کی فراہمی کے عمل کو آسان بنانے کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت دیگر محکموں کی طرح محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنٹرول میں بھی بڑے پیمانے پر اصلاحات کے نفاذ کا عمل جاری ہے۔ مختلف نوعیت کی ان اصلاحات میں قانونی اصلاحات،انتظامی اصلاحات اور ٹیکس اصلاحات کے علاوہ ای گورننس کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثراستعمال، خدمات کے حصول میں آسانیاں اور متعدد دیگر اقدامات شامل ہیں۔
2500 سی سی تک کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپیہ، زبردست اعلان کر دیا گیا

ان اصلاحات کے نتیجے میں محکمے کی مجموعی کارکردگی خصوصاً ٹیکس اکھٹا کرنے کے عمل میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ یہ بات گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنٹرول سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔
اجلاس میں محکمے میں جاری اصلاحاتی عمل پر اب تک کی پیشرفت اور محکمے کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ایکسائز میاں خلیق الرحمن، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور سیکرٹری ایکسائز حیدر اقبال کے علاوہ محکمہ ایکسائز، خزانہ اور منصوبہ بندی کے متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔