اب گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوانا ممکن، نادرا کی موبائل ایپ متعارف نادرا نے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے اور تجدید کروانے کیلئے موبائل ایپ تیار کرلی،پاکستانی دنیا میں ایسی جدید ترین ٹیکنالوجی متعارف کرانے والا پہلا ملک بن گیا.
اب گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوانا ممکن

اسلام آباد (31اگست 2021) اب شناختی کارڈ بنوانے کیلئے نادرا کے دفتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں، نادرا نے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے اور تجدید کروانے کیلئے موبائل ایپ تیار کرلی ۔ نادرا ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابقوزیراعظم پاکستان عمران خان نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی آئی ٹی لیب میں تیار کی گئی دنیا کی پہلی جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی ’پاک آئیڈینٹٹی‘ ایپ کا افتتاح کیا ۔اس ایپ کی تیاری کے بعد پاکستانی دنیا میں ایس ٹیکنالوجی متعارف کرانے والا پہلا ملک بن گیا، جس کی بدولت شہری اسمارٹ فون کی مدد سے گھر بیٹھے ہی شناختی کارڈ بنواسکیں گے۔
نادرا کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی کی بدولت شناختی کارڈ بنوانے کے پروگرام میں موبائل پر لائیو بائیومیٹرک (انگلیوں کے نشان) کے حصول کے ساتھ ساتھ تصدیق بھی ہو سکے گی۔درخواست گزار اپنے اسمارٹ موبائل فون کے کیمرہ کی مدد سے نہ صرف فنگرپرنٹ لے سکتے ہیں بلکہ تصویر اور دیگر دستاویزات کو بھی اسکین کر کے اپ لوڈ کرسکے گا۔چیئرمین نادرا طارق ملک نے امید ظاہر کی کہ موبائل کےذریعے انگلیوں کے نشان (فنگر پرنٹ) کے حصول کی سہولت ایک نئے دور کا آغاز ہے جو معیشت کے کئی شعبوں میں انقلاب برپاکرسکتی ہے۔