اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کو ایک کرائے کی بندوق سمجھا، پاکستان کسی بھی دوسرے ملک کو جنگ جیتنے میں مدد نہیں کر سکتا،امریکا سے تعلق ایک فون کال کا محتاج نہیں ہے،میرا خیال ہے کہ بائیڈن بہت مصروف ہوں گے اس وجہ سے کال نہیں ۔
امریکا نے پاکستان کو کرائے کی بندوق سمجھا، وزیراعظم عمران خان

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدم استحکام کےنتیجے میں افغانستان سے پھر دہشت گردی کا خطرہ جنم لے گا، افغانستان کی صورتحال پریشان کن ہے، افغانستان کو بھی دہشت گردی کا سامنا ہوسکتا ہے عالمی برادری افغانستان کی مدد کرئے،افغانستان کو غیر ملکی فوج کے ذریعے کنٹرول نہیں کیا جا سکتا، موجودہ حالات میں کوئی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی کہ وہاں کیا ہونیوالا ہے، افغانستان کی خواتین بہت بہادر اور مضبوط ہیں، وقت دیا جائے وہ اپنے حقوق حاصل کر لیں گی۔
امریکی ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پریشان کن اور وہ اس وقت ایک تاریخی موڑ پر ہے، اگر وہاں 40سال بعد امن قائم ہوتا ہے اور طالبان پورے افغانستان پر کنٹرول کے بعد ایک جامع حکومت کے قیام کے لیے کام کرتے ہیں اور تمام دھڑوں کو ملاتے ہیں تو افغانستان میں 40سال بعد امن ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر یہ عمل ناکامی سے دوچار ہوتا ہے جس کے بارے میں ہمیں بہت زیادہ خدشات بھی لاحق ہیں، تو اس سے افرا تفری مچے گی سب سے بڑا انسانی بحران پیدا ہو گا، مہاجرین کا مسئلہ ہو گا، افغانستان غیرمستحکم ہو گا۔