پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر! ملک میں پٹرول سستا ہونے کا امکان۔
پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر! ملک میں پٹرول سستا ہونے کا امکان

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں بڑی گراوٹ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد کی زبردست گراوٹ دیکھنے میں آئی، جس کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں کم ہوتی قیمتوں کا مثبت اثر پاکستان کی مارکیٹ پر بھی پڑے گا۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز پیٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کے رکن ممالک تیل کی پیداوار بڑھانی کے معاہدے پر متفق ہوگئے تھے، جس کے بعد پیر کے روز برینٹ آئل کی قیمت میں ساڑھے 3 ڈالر فی بیرل یعنی تقریباً 5 فیصد گراوٹ آئی۔
برینٹ کی فی بیرل قیمت مارچ کے بعد سب سے بڑی یومیہ گراوٹ کے نتیجے میں 69 ڈالر کی سطح پر آگئی، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں 3 عشاریہ 75 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد فی بیرل قیمت 68 ڈالر کی سطح تک آگئی۔دوسری جانب گزشتہ روز کے اجلاس کے حوالے سے برطانوی میڈیا کے مطابق تیل کی پیدوار میں اضافے سے متعلق اوپیک پلس ممالک کا ویڈیو لنک اجلاس ویانا میں اوپیک سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں رکن ممالک اور اوپیک کے اتحادی ممالک نے تیل کی پیداوار بڑھانے کے معاہدے پر اتفاق کرلیا۔