اسلام آباد (مانیٹرنگ، این این آئی) دنیا بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی یوم استحصال کشمیر منایا گیا، جگہ جگہ پوسٹر آویزاں کئے گئے، سرینا ہوٹل کے سامنے ایک پوسٹر آویزاں کیا گیا جس میں نریندر مودی کو ایک خون پینے والی بلا کی صورت میں پیش کیا گیا اور ساتھ لکھا گیا کہ مودی امن تباہ کرنے والا ہے اگر آپ اس بات سے متفق ہیں تو ہارن بجائیں۔ جس پر کئی صارفین نے ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔
یوم استحصال کشمیر، ہارن بجائیں، اسلام آباد میں مودی کے خلاف انوکھی کمپین

اس پر ایک صارف نے لکھا کہ جہاں بولنے کی ضرورت ہوتی ہے وہاں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہیں جہاں خاموش رہنا ہو وہاں ہارن بجاتے ہیں۔ دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر آنے تک بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، کشمیر کے آزادی تک پاکستان میں کوئی چین سے نہیں بیٹھے گا، بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان مضبوط ہو رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو یوم استحصال کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس سے ڈی چوک تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم، وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی اعوان سمیت دیگر وفاقی وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ریلی کے موقع پر سائرن بجائے گئے اورایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی گئی۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج کے دن 2 سال قبل جموں و کشمیر کے عوام کا استحصال کیا گیا۔