کراچی(این این آئی)پاکستان کے سلسلے میں بھارتی میڈیا کے پاگل پن سے تو سبھی واقف ہیں لیکن اب افغان صحافی بھی اس پاگل پن میں شامل ہو گئے ہیں، ایک افغان صحافی نے ڈاکٹر عامر لیاقت کو کرنل عادل بنا کر پنجشیر میں مرا ہوا دکھا دیا۔
افغان صحافی کا ڈاکٹر عامر لیاقت کی تصویر دکھا کر پنجشیر میں مرنے کا دعویٰ

جب سے افغان طالبان نے کابل کو کنٹرول میں لیا ہے،بھارتی میڈیا پر بوکھلاہٹ طاری ہے، لیکن ایک افغان صحافی نے تو حد کر دی ہے، رکن قومی اسمبلی اور کراچی کی معروف سیاسی شخصیت ڈاکٹر عامر لیاقت کی تصویر دکھا کر پنجشیر میں مرنے کا دعوی کر دیا۔افغان صحافی نور قریشی نے ایک ٹوئٹ میں عامر لیاقت کی پاکستانی فوجی وردی میں ایک تصویر شیئر کی، اور لکھا کہ پنجشیر میں پاکستانی کمانڈو کرنل عادل لڑتے ہوئے مارا گیا۔
افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے پر بھارتی میڈیا کی بوکھلاہٹ تو سمجھ میں آتی ہے، لیکن سوال یہ اٹھتا ہے کہ افغان صحافیوں کی پاکستان مخالفت کس لیے ہے، کیا وہ کسی ملک کے ایجنڈے پر ہیں؟واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے ایک ویڈیو گیم بنانے والی کمپنی کی گیم سے جہاز لے کر، اور 2018 کے امریکی جہازوں کی فوٹیجز لے کر ویڈیو بنا کر دنیا کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کی اور بتایا کہ پنجشیر میں پاکستانی جہاز اڑ رہے ہیں۔