لاہور( این این آئی )شاہی قلعے کی سیر کے لئے آنے والے نوجوان نے حملہ کر کے رنجیت سنگھ کا مجمسہ توڑ دیا ، سکیورٹی پر موجود اہلکار نے مجسمہ توڑنے والے نوجوان کو قابو کر لیا جسے بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا گیا ،شاہی قلعہ کے سکیورٹی سپروائزر کی درخواست پر تھانہ ٹبی سٹی نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ، نوجوان کی نعرے لگاتے ہوئے رنجیت سنگھ کامجسمہ توڑنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔
شاہی قلعے کی سیر کے لئے آنے والے نوجوان نے حملہ کر کے رنجیت سنگھ کا مجمسہ توڑ دیا

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایک نا معلوم نوجوان شاہی قلعہ میں سیر و تفریح کے لئے داخل ہوا اور وہاں سے جنگلہ پھلانگ کر رنجیت سنگھ کے مجسمے کے پاس پہنچ گیا اور نعرے لگاتے ہوئے مجسمے کو توڑ دیا ۔ اس موقع پر سکیورٹی پر موجود اہلکار نے نوجوان کو دبوچ لیا اور سکیورٹی کے دیگر اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے پولیس ایمر جنسی سروس پر کال کر کے پولیس کو طلب کر لیا جس نے ملزم کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ۔
بتایا گیا ہے کہ نوجوان مجسمہ پر حملہ آور ہونے کے دوران نعرے بھی لگاتا رہا ۔ تھانہ ٹبی سٹی نے ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ ملزم کی شناخت محمد رضوان کے نام سے ہوئی ہے جو سکنہ کٹھیالہ شیخاں منڈی بہائو الدین کا رہائشی بتایاگیاہے ۔