اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے 14 جولائی کو ہونے والے داسو بس حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔
نیویارک میں جاری کردہ ایک بیان میں سلامتی کونسل نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ مجرمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تعاون کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ’سلامتی کونسل کے اراکین پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں 14 جولائی کو کیے گئے بزدلانہ دہشت گردی کے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں 9 چینی، 3 پاکستانی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئےٗ۔
یہ بھی پڑھیں:داسو بس حملے میں ملوث ہونے کا شبہ، 2 ملزمان گرفتار
سلامتی کونسل کا کہنا تھا کہ ‘اراکین متاثر افراد کے اہلِ خانہ، چین اور پاکستان کی حکومتوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت اورزخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
15 اراکین پر مشتمل کونسل نے دہشت گردی کو اس کی تمام صورتوں اور مظاہر میں مسترد کرنے کی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے انتہائی سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔
بیان میں مزید کہہ کہ کونسل دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مجرمان، منتظمین، مالی معاونین اور کفیلوں کو جوابدہ بنانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔