اسلام آباد ٗ دبئی (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کو فنٹاسٹک قرار دیدیا۔سابق کپتان شاہد افریدی نے گزشتہ روز ہونے والے پاکستان اور افغانستان کے میچ میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ شرکت کی جہاں شائقینِ کرکٹ اْنہیں دیکھ کر
بہت خوش ہوئے۔اس موقع پر مداحوں کی جانب سے شاہد آفریدی کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں جوکہ میچ کے دوران اسٹیڈیم میں لی گئی تھیں۔ان تصاویر میں شاہد آفریدی کے ہاتھ میں کافی کا کپ موجود ہے اور اْنہوں نے کافی پیتے ہوئے میچ انجوائے کیا۔شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ لاجواب فتح، لاجواب کافی، لاجواب ماحول اور میری لاجواب ٹیم۔انہوں نے لکھا کہ میں پاک افغان میچ اور آصف علی کی فینیشنگ سے بہت لطف اندوز ہوا۔خیال رہے کہ گزشتہ رات افغانستان سے میچ میں آصف علی نے 19ویں اوور میں چار چھکے لگا کر پاکستان کو فاتح بنا دیا۔دوسری جانب ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف میچ کے ہیرو آصف علی سابق کپتان و ہیڈ کوچ مصباح الحق کے معترف ہوگئے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سابق کپتان مصباح الحق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے شکر گزار ہیں کیونکہ کیریئر میں مصباح نے انہیں ہمیشہ سپورٹ کیا۔آصف علی کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ مصباح الحق نے انہیں فیصل آباد سے پک کیا۔