اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ہیبت اللہ حلیمی نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے 85 سال کی عمر میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف بلوچستان کے اٹھارویں کانووکیشن میں صورت حال اُس وقت دلچسپ شکل اختیار کر گئی
جب یونیورسٹی آف بلوچستان کے سب سے معمر پی ایچ ڈی اسکالر ہیبت اللہ حلیمی اپنی ڈگری وصول کرنے کیلئے اسٹیج پر آئے۔ نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کے مطابق معمر پی ایچ ڈی اسکالر ہیبت اللہ حلیمی نے 85 برس کی عمر میں سیاسیات میں اعلیٰ تعلیم کی ڈگری حاصل کی۔ گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا معمر پی ایچ ڈی اسکالر سے گلے ملے اور اُن کو ڈگری عطا کی،پی ایچ ڈی اسکالر ہیبت اللہ حلیمی کا تعلق پولیس ڈپارٹمنٹ سے تھا اور وہ ڈی ایس پی کے عہدے پر فائز رہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ اس عمر میں پی ایچ ڈی کرنے کا ارادہ اور اس کی تکمیل علم میں دلچسپی رکھنے والے تمام افراد کیلئے حوصلہ افزاء اور قابل فخر ہے۔